اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی راجہ قاسم محبوب جنجوعہ نے کہا ہے کہ سرسبز اور شاداب پاکستان بنانا وزیر اعظم عمران خان کا مشن ہے اور اس مہم میں تمام شہری اپنا اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ہے ، بطور پاکستانی اور مسلمان ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اپنے ماحول کو سرسبز بنائیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں چار سال کے دوران 46 کروڑ پودے لگا کر ہدف مکمل کریں گے ، سرکاری اراضی پر 24 کروڑ پودے اور پرائیوٹ اراضی پر 22 کروڑ پودے لگائے جائیں گے ، اورتحصیل چیچہ وطنی میں 30 اپریل تک 13 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ،پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت بھی ہماری ذمہ داری ہے ہمیں اپنے بچوں کی طرح ان ننھے پودوں کی حفاظت کرنا ہو گی،کیونکہ درخت لگانا سنت نبوی ﷺ اور صدقہ جاریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلہ ادیب شہید کے قریب جنگل میں سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی رانا محمد اجمل خاں، چیف آفیسر چوہدری محمد ندیم،پاکستان تحریک انصاف کے سینئر ضلعی نائب صدر راﺅ محمد اسلم،سابق ضلعی نائب ناظم ملک فیصل لنگڑیال، ڈی ایف او جنگلات فیاض خان بلوچ سمیت دیگر کے ہمراہ پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا بہت ضروری ہے ، ماحول صاف ستھرا ہو گا تو انسانی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ شجر کاری مہم میں تعلیمی اداروں کے طلباءنے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے بیگم شہناز جاوید چوک، شمس پورہ اور چشتی چوک میں دو ہزار پودے عوام الناس میں تقسیم کئے۔